بھٹکل:12/ جولائی(ایس او نیوز( ڈی وائی ایس پی گنپتی خود کشی کے متعلق اس کی بیوی اور بیٹے کی جانب سے داخل کردہ شکایت پر مقدمہ درج کرکے کارروائی کرنے کی مانگ لے کراکھل بھارتیہ ودھیارتھی پریشد (اے بی وی پی ) بھٹکل کے ممبران نے منگل کو احتجاج کرتے ہوئے بھٹکل اے سی کے ذریعے ریاستی گورنر کو اپیل سونپی۔
اے بی وی پی نے اپنی اپیل میں تحریر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ گنپتی نے اعلیٰ افسران اور وزراء کے دباؤ میں خودکشی کی ہے۔ ایماندار افسروں کو دباؤاور باربار تبادلہ کے ذریعے ذہنی ہراسانی کی جارہی ہے، مایوس ہو کر ماتحت پولس افسران خود کشی کا راستہ اپنا رہے ہیں۔ الزام عائد کیا گیا ہےکہ گنپتی نے اپنے ڈیتھ نوٹ میں وزیر کے جے جارج کا نام لیا ہے، لیکن وزیرا علیٰ ان کی حمایت میں کھڑے ہیں۔ اس سے قبل بھی ایسے معاملات میں جارج کا نام سننے میں آیا تھا۔ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے فوری طورپر وزیر جارج کا استعفیٰ لینےکی تحریر میں مانگ کی گئی ہے۔ اس موقع پر اے بی وی پی لیڈر دیواکر موجود تھے۔